کاروبار اور معیشت
زرمبادلہ کے ذخائر میں 22 ملین ڈالر کا اضافہ ، 14.52 ارب ڈالر ہوگئے
- غیر ملکی ذخائر 7 نومبر تک 19.72 ارب ڈالر ریکارڈ ، اسٹیٹ بینک کے 14.52 ارب اور کمرشل بینکوں کے 5.20 ارب ڈالر شامل
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 22 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 14.52 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار جمعرات کو مرکزی بینک کی جانب سے جاری کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے کل مائع غیر ملکی ذخائر 19.72 ارب ڈالر ہیں، جن میں 14.52 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک اور 5.20 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے زیر انتظام ہیں۔
پچھلے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14.50 ارب ڈالر تھے، جس کے بعد 22 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جو ملکی مالیاتی پوزیشن میں معمولی بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔