پاکستان میں خودکش حملے افغان شہریوں نے کیے ، وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں ہونے والے دو خودکش حملے افغان شہریوں نے کیے، جن میں سے ایک خودکش حملہ اسلام آباد میں ہوا۔
محسن نقوی نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں بتایا، جسے براہِ راست نشر کیا گیا کہ دونوں خودکش حملہ آوروں کی شناخت افغان باشندوں کے طور پر کرلی گئی ہے ،تاہم کابل کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب منگل کو وفاقی دارالحکومت کی ایک ذیلی عدالت کے قریب پولیس گشت پر خودکش حملہ کیا گیا، جس میں 12 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے۔
ایک اور حملہ آور نے پیر کے روز جنوبی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب واقع ایک فوجی اسکول کے مرکزی دروازے سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔
بعد ازاں دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوگئے، جس کے بعد فوجیوں کے ساتھ جھڑپ شروع ہوئی جو 24 گھنٹے سے زائد جاری رہی، یہاں تک کہ تمام حملہ آور مارے گئے۔
گزشتہ کچھ برسوں سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں میں موجود دہشت گرد پاکستان میں حملے کرتے ہیں، تاہم کابل ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔