سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کی ہدایت، ون ڈے میچز کی نئی تاریخیں طے
- چیئرمین پی سی بی کا اظہار تشکر، دو ون ڈے میچ اب 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی قومی ٹیم کے تمام سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر دور کیا جا رہا ہے اور کھلاڑیوں، معاون عملے اور ٹیم انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سہ ملکی وائٹ بال سیریز جاری رکھیں۔
یہ ہدایت اس کے بعد جاری کی گئی جب چند کھلاڑیوں نے منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد وطن واپس جانے کی درخواست کی۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ دورہ کرنے والے ہر رکن کی حفاظت اور خیریت کو یقینی بنایا جاسکے۔
12 نومبر 2025 کو جاری میڈیا ریلیز میں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ اگرچہ توقع ہے کہ تمام ٹیم ارکان دورہ جاری رکھیں گے، لیکن اگر کوئی ہدایت کے باوجود واپس جانے کا فیصلہ کرتا ہے تو فوری طور پر اس کی جگہ متبادل کھلاڑی بھیجے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم کا دورہ جاری رکھنے کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ باقی دو ون ڈے میچز اب 13 اور 15 نومبر کے بجائے 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔