کاروبار اور معیشت

پاکستان گرین اینڈ ریزیلینٹ بلڈنگ کانفرنس 2025 کا انعقاد

  • حکومت سندھ ماحول دوست پالیسیاں قوانین میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، ڈی جی ایس بی سی اے
شائع November 10, 2025 اپ ڈیٹ November 10, 2025 02:23pm

تین روزہ پاکستان گرین اینڈ ریزیلینٹ بلڈنگ کانفرنس 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی و صوبائی محکموں ، نجی شعبے، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس کا مقصد ملک میں پائیدار، توانائی کی بچت کرنے والی اور ماحول دوست تعمیراتی طریقوں کو فروغ دینے کے لیے عملی حکمت عملیاں اور پالیسی اقدامات تیار کرنا تھا۔

وزارت ماحولیاتی تبدیلی و ہم آہنگی کی سیکریٹری عائشہ موریانی نے اپنے خطاب میں پاکستان گرین بلڈنگ کوڈ 2023، گرین ٹیکسونومی اور کلائمیٹ رسک اسکریننگ گائیڈ لائنز 2024 جیسے حکومت کے حالیہ اقدامات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات قومی ترقیاتی منصوبہ بندی میں پائیداری کے فروغ میں اہم پیش رفت ہیں۔

کانفرنس کے دوران توانائی اور وسائل کی بچت میں نمایاں کارکردگی پر ای ڈی جی ای ایوارڈز بھی دیے گئے ۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نجم شاہ نے سرٹیفائیڈ اداروں و کمپنیوں او جی ڈی سی، زمین ڈیولپمنٹ، الائیڈ بینک، سفیا ہومز، موڈلس گرین ہومز، ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، سیرینا ہوٹل اور حبیب یونیورسٹی میں ایوارڈز تقسیم کیے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹہ نے کہا کہ حکومت سندھ گرین بلڈنگ کے تقاضوں اور ماحول دوست پالیسیوں کو عماراتی قوانین میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس سے نہ صرف ماحولیاتی خطرات کم ہوں گے بلکہ شہری ترقی کی بنیادیں بھی مضبوط ہوں گی۔

کانفرنس میں وزارت ماحولیاتی تبدیلی، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی اور ورلڈ بینک کے نمائندگان کے ساتھ پینل ڈسکشن بھی ہوئی، جہاں پالیسی کے نفاذ، مالیاتی سہولت کاری اور گرین تعمیرات کو بڑھانے کے عملی طریقے زیر بحث آئے۔

شریکین نے تکنیکی و مالی تعاون کے ذریعے پائیدار تعمیراتی اقدامات کی حمایت کا عزم ظاہر کیا۔

نوجوانوں کے کردار کو خاص طور پر سراہا گیا اور نئے پیشہ ور افراد کو ایکسپرٹس پن سرٹیفیکیشن بھی دی گئی۔

کانفرنس کا اختتام گرین بلڈنگ انسینٹیوز پر ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل اور آئی ایف سی کے بلڈنگ ریزیلینس انڈیکس ورکشاپس کے ساتھ ہوا، جس میں ماحول دوست عمارتوں کی استعداد بڑھانے کے عملی اوزار فراہم کیے گئے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025