دنیا

پاکستان بھارت جنگ میں 8 جنگی طیارے مار گرائے گئے، ٹرمپ کا بھارت پر طنز

  • سات طیارے مار گرائے گئے، اور آٹھواں بری طرح متاثر ہوا، امریکی صدر
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے زخموں پر مزید نمک چھڑکتے ہوئے یہ نیا دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے تصادم میں آٹھ جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کرانے کے اپنے دعوے کو دہراتے ہوئے لڑائی کے دوران تباہ کیے گئے طیاروں کی تعداد سات سے بڑھا کر آٹھ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایٹمی ممالک نے مئی میں امن قائم کیا جب انہوں نے ان کے تجارتی معاہدے منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ٹرمپ نے یہ بات امریکن بزنس فورم میں خطاب کے دوران دہراتے ہوئے کہا کہ وہ دراصل ٹیرف ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی تصادم کو روکنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے بقول، آٹھواں طیارے کا بری طرح نقصان ہوا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان بھارت جنگ کے دوران میں نے رپورٹس سنیں کچھ اخبارات نے کہا کہ سات یا آٹھ طیارے مار گرائے گئے۔ ایک نے لکھا کہ سات تباہ ہوئے اور ایک کو نقصان پہنچا۔ میں کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا ان میں سے زیادہ تر جعلی خبریں پھیلاتے ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بات بزنس فورم میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

امریکہ کے صدر کے مطابق، بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ان آٹھ تنازعات میں سے ایک تھی جنہیں انہوں نے اپنے اقتدار سنبھالنے کے بعد روکا۔ ان کے مطابق دیگر تنازعات میں کوسوو سربیا اور کانگو روانڈا کے معاملات بھی شامل ہیں۔ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر خود کو عالمی امن کے سفیر کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بھارت اور پاکستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کے بیچ میں تھا، پھر میں نے ایک مخصوص اخبار کے پہلے صفحے پر خبر دیکھی، میں نے سنا کہ وہ جنگ پر جا رہے ہیں۔ سات طیارے مار گرائے گئے، اور آٹھواں بری طرح متاثر ہوا۔ بنیادی طور پر آٹھ طیارے مار گرائے گئے۔ میں نے کہا یہ تو جنگ ہے، اور وہ لڑنے جا رہے ہیں۔ وہ دونوں ایٹمی ممالک ہیں۔ میں نے کہا کہ میں تم لوگوں کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرنے والا جب تک تم امن پر متفق نہیں ہوتے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ دہلی اور اسلام آباد نے ان کی اس دھمکی کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کا تنازعہ تجارتی معاہدوں سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔