فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور جولائی تا اکتوبر (مالی سال 2025-26) مجموعی طور پر 3 ہزار 837 ارب روپے کے محصولات جمع کیے جو مقررہ ہدف 4 ہزار 109 ارب روپے کے مقابلے میں 272 ارب روپے کی نمایاں کمی ظاہر کرتے ہیں۔

ایف بی آر نے محصولات کی عارضی تفصیلات جاری کیں۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ عبوری اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں محصولات کا حجم تقریباً 952 ارب روپے رہا جو ماہانہ ہدف 1 ہزار 26 ارب روپے سے 74 ارب روپے کم ہے۔

ذرائع کے مطابق حتمی اعدادوشمار مرتب ہونے پر اکتوبر کی مجموعی محصولات یکم نومبر تک 955 ارب روپے سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی تا اکتوبر 2025 ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرنز کے ساتھ 135 ارب روپے کے ٹیکس وصول کیے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 127 ارب روپے کے مقابلے میں 8 ارب روپے زیادہ ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025 کی ابتدائی چار ماہ کے دوران 34 فیصد ٹیکس دہندگان نے زیرو ریٹرنز (یعنی بغیر کسی آمدن کے گوشوارے) جمع کرائے۔

کاپی رائٹ: بزنس ریکارڈر 2025