پاکستان

وفاق کی طاقت اتحاد اور اتفاق میں مضمر ہے، وزیراعظم

  • قومی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی صرف اتفاقِ رائے اور باہمی اعتماد سے ممکن ہے، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز بلوچستان ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بطور وفاق قوت اس وقت ہی برقرار رہ سکتی ہے جب مرکز اور صوبے باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ قربانی کے جذبے کے تحت متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی صرف اتفاقِ رائے اور باہمی اعتماد سے ممکن ہے۔

وزیراعظم نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ پنجاب کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2009 کے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ سے قبل لاہور میں تین روزہ طویل اجلاس ہوا تھا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزرائے خزانہ شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی نے 100 فیصد اضافی مالی وسائل کا مطالبہ کیا تو میں نے کہا کہ پنجاب اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرنے کو تیار ہے، یہی وفاقیت کی اصل روح ہے ، چار بھائی ایک چھت کے نیچے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ سوال اہم ہے کہ ہم بلوچستان کے عوام ، بلوچ، پشتون اور دیگر برادریوں کو کس طرح قومی ترقی میں شمولیت اور ملک سے وابستگی کا احساس دلا سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہمیں اس کی آگ کو مل کر بجھانا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے پاکستان کے ساتھ رضاکارانہ الحاق کو تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور کہا کہ صوبے کے بے پناہ قدرتی وسائل، جو کھربوں ڈالر مالیت کے ہیں، مٹی اور پہاڑوں کے نیچے دفن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں مختلف برادریوں بلوچ، پشتون، پنجابی اور دیگر اقوام کے درمیان مکمل ہم آہنگی تھی، مگر اب دوریاں اور شکایات جنم لے چکی ہیں۔ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، بعد میں پنجابی، بلوچ، سندھی یا پشتون۔

انہوں نے این-25 کراچی-چمن شاہراہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والی بچت (تقریباً 180 ارب روپے سالانہ) بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کی گئی تاکہ یہ قاتل سڑک امن کی شاہراہ میں بدل سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان کی مانند ہیں۔ اگر کسی حصے میں آگ لگے تو ہمیں مل کر بجھانی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی سے جڑی ہے اور اس کے بغیر تعلیم، صحت اور صنعت کا فروغ ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ وفاق بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور قائداعظم کے وژن کی تکمیل کیلئے قومی اتفاقِ رائے کی تجدید ضروری ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025