کاروبار اور معیشت

ٹیکسٹائل برآمدات میں جدت کے لیے انڈسٹری 4.0 کا نفاذ ناگزیر قرار

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز اور انڈسٹری 4.0 کے اطلاق کے موضوع پر کامیاب...
شائع اپ ڈیٹ

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز اور انڈسٹری 4.0 کے اطلاق کے موضوع پر کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں صنعت، تعلیمی اداروں اور جدت کے ماہرین نے شرکت کی۔ اس سیمینار کا مقصد پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو اعلیٰ قدر والے پیداواری ماڈلز اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ کی سمت آگے بڑھانے کے امکانات پر غور کرنا تھا۔

ٹڈاپ کے ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل ڈویژن) باسط رؤف نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز عالمی ٹیکسٹائل صنعت کے تیزی سے بڑھنے والے شعبوں میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے انڈسٹری 4.0 ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مسابقت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹڈاپ پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں جدت پر مبنی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے پروفیسر ڈاکٹر داؤد حسین نے ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز کی صلاحیت اور عالمی منڈی میں پاکستان کا کردار کے موضوع پر گفتگو کی اور تعلیمی اداروں اور صنعت کے مابین تعاون اور مصنوعات میں تنوع کی اہمیت پر زور دیا۔

برطانیہ کی مائیکروفائبر کنسورشیم کے ہیڈ آف انگیجمنٹ، ساقب سہیل نے آٹومیشن اور ٹریسبلٹی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے پائیداری، ڈیٹا کی شفافیت اور سپلائی چین میں ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق نکات شیئر کیے۔

یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سڈنی کی لیکچرر اور این ٹی یو کی فارغ التحصیل ڈاکٹر جویریہ خان نے ذاتی نوعیت کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے اسمارٹ ٹیکسٹائلز کے موضوع پر اپنی تحقیق پیش کی اور پہننے کے قابل اور ذہین ٹیکسٹائل ٹیکنالوجیز میں جدتوں کا مظاہرہ کیا۔

یوٹوپیا کے منیجر پروڈکٹ کمپلائنس ارباز عادل نے ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) فریم ورک، کاربن مینجمنٹ اور بین الاقوامی معیارات کی تعمیل سے متعلق نکات پر روشنی ڈالی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025