غیر ملکی سرمایہ کی منتقلی میں تیزی
پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ایک مستقل تضاد کے ساتھ موجود ہے۔ گزشتہ دہائی کے دوران مجموعی طور پر اس کے سالانہ حجم کا اوسط تقریباً 3 ارب ڈالر رہا ہے، لیکن اس میں سے ایک بڑا حصہ منافع کی منتقلی اور سرمایہ نکالنے کے ذریعے واپس چلا جاتا ہے — جس کا تخمینہ تقریباً 1 ارب ڈالر سالانہ ہے۔
حالیہ مہینوں میں ان رقومات کے انخلا میں اضافے نے ظاہر کیا ہے کہ سرمایہ کاری کے وقتی مثبت رجحانات کے باوجود ساختی کمزوریاں اب بھی برقرار ہیں۔
مالی سال 2025-26 کے ابتدائی دو مہینوں میں غیر ملکی کمپنیوں نے منافع اور ڈیویڈنڈز کی مد میں 591 ملین ڈالر ملک سے منتقل کیے — جو گزشتہ سال اسی مدت کے 268 ملین ڈالر کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ صرف جولائی کے مہینے میں سالانہ بنیاد پر 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کیونکہ کمپنیوں نے وہ منافع منتقل کرنا شروع کیا جو مالی سال 2022-23 (مالی سال 23) کے دوران زرِ مبادلہ پر کنٹرول کی پالیسی کے باعث روک لیا گیا تھا۔یہ تیز رفتار منتقلی اس وقت سامنے آئی ہے جب نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کمزور ہے — جولائی تا اگست صرف 363 ملین ڈالر کی خالص سرمایہ کاری ریکارڈ ہوئی، یعنی اس عرصے میں ملک سے زیادہ سرمایہ باہر گیا جتنا ملک کے اندر آیا۔
چند ممالک ہی ان رقومات کے اخراج پر حاوی ہیں، کیونکہ پاکستان میں زیادہ تر غیر ملکی سرمایہ کاری انہی چند کمپنیوں یا ممالک کے ذریعے آتی ہے۔ چین نے، جس کا پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سی پیک کے تحت نمایاں حصہ ہے، صرف دو مہینوں میں 205 ملین ڈالر سے زائد منافع منتقل کیا — جو تقریباً اس کے پورے مالی سال 2022-23 کے اخراج کے برابر ہے۔
اس کے بعد برطانیہ نے 96 ملین ڈالر جبکہ نیدرلینڈز، متحدہ عرب امارات اور امریکا نے بالترتیب مزید رقم منتقل کی۔ مجموعی طور پر 10 ممالک نے کل 562 ملین ڈالر (یا مجموعی منافع منتقلی کا 95 فیصد) منتقل کیا، جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مرکوز ڈھانچے کی عکاسی کرتا ہے۔
وسیع تر منظرنامہ ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کاری کی آمد اور اخراج میں توازن بگڑ رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں پاکستان نے تقریباً 2.5 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی، مگر 2.1 ارب ڈالر منافع کی منتقلی میں واپس چلے گئے۔ ایک سال قبل، مالی سال 24 میں، سرمایہ کاری 2.8 ارب ڈالر تھی جبکہ منافع کی منتقلی 2.1 ارب ڈالر کے قریب رہی۔ کئی مواقع پر اخراج، آمد سے زیادہ رہا — جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں آنے والا زیادہ تر سرمایہ پہلے سے موجود منصوبوں پر طے شدہ منافع کی ادائیگی سے منسلک ہے، نہ کہ نئی اور ترقی پر مبنی سرمایہ کاری سے۔
مالی سال 2025-26 میں منافع کی منتقلی میں اضافہ اس امر کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ کمپنیوں نے مالی سال 2022-23 کے دوران منافع روک رکھا تھا، جب حکومت نے زرِ مبادلہ کے ذخائر بچانے کے لیے سرمایہ کی منتقلی پر پابندیاں لگائی تھیں۔ اب جب کہ یہ پابندیاں نرم ہو چکی ہیں، وہ رکی ہوئی رقم بیرون ملک منتقل کی جا رہی ہے۔ یہ اگرچہ زرِ مبادلہ کی دستیابی پر اعتماد کی علامت ہے، مگر اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس منافع کا بہت کم حصہ ملک میں دوبارہ سرمایہ کاری کی صورت میں واپس آ رہا ہے۔
منافع کی منتقلی بذاتِ خود غیر معمولی عمل نہیں، مگر جب یہ سرمایہ کاری کے مساوی یا اس سے زیادہ ہو جائے تو یہ معاشی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان میں آنے والا زیادہ تر غیر ملکی سرمایہ ریگولیٹری تحفظ یافتہ شعبوں — جیسے توانائی، مالیات اور ٹیلی کام — میں گیا ہے، بجائے اس کے کہ وہ برآمدی صنعتوں یا ٹیکنالوجی پر مبنی پیداواری شعبوں میں لگایا جاتا، جو زرمبادلہ اور روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔یہ صورتحال ایک گردشی دروازے جیسی ہے — غیر ملکی سرمایہ اندر آتا ہے، منافع کماتا ہے، اور پھر واپس چلا جاتا ہے — بغیر کسی حقیقی پیداواری یا تکنیکی فائدے کے۔
جب تک پاکستان اپنی سرمایہ کاری کی سمت کو رینٹ سیکنگ سے ایفیشنسی سیکنگکی طرف نہیں موڑتا — یعنی انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، اور مائننگ جیسے شعبوں میں توجہ نہیں دیتا — تب تک یہ آمد و اخراج کا فرق برقرار رہے گا۔بغیر مؤثر اصلاحات، قابلِ اعتماد پالیسی فریم ورک، اور واضح منصوبہ جاتی ترجیحات کے، غیر ملکی سرمایہ عارضی منافع کمانے والے ہاٹ منی کی طرح رہے گا — جو یہاں صرف یقینی منافع کے لیے آتا ہے، طویل المدتی ترقی کے لیے نہیں۔منافع کی منتقلی میں حالیہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا اشارہ نہیں بلکہ پاکستان کی بیرونی مالی کمزوری کی یاد دہانی ہے۔