مارکٹس

اسٹاک ایکسچینج : پاک قطر فیملی تکافل کا 50 ملین شیئرز کا آئی پی او لانچ

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی شریعہ کمپلائنٹ انشورنس کمپنی پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج...
شائع October 17, 2025 اپ ڈیٹ October 17, 2025 08:00pm

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی شریعہ کمپلائنٹ انشورنس کمپنی پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جاری ریکارڈ ساز تیزی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئندہ ماہ ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے تقریباً 1.1 ارب روپے (3.9 ملین ڈالر) جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب کے مطابق کمپنی بک بلڈنگ کے ذریعے 21 روپے فی شیئر تک کی قیمت پر 50 ملین شیئرز پیش کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ حاصل شدہ فنڈز کو کم از کم سرمایہ جاتی تقاضے پورے کرنے، ڈیجیٹل چینلز میں وسعت لانے اور صارفین پر مبنی نئی مصنوعات کی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق پاک قطر فیملی تکافل کو قطر کے نمایاں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، بشمول قطر اسلامی انشورنس کمپنی اور قطر انٹرنیشنل اسلامک بینک کی معاونت حاصل ہے۔

گزشتہ ماہ سال 2025 کے تیسرے آئی پی او میں سینولنک آر ای آئی ٹی مینجمنٹ کمپنی نے دو روزہ بک بلڈنگ (ڈچ بولی) کے عمل کے دوران امیج آر ای آئی ٹی کے 92.02 ملین یونٹس فروخت کر کے 921.07 ملین روپے اکٹھے کیے تھے۔

اس آئی پی او میں فی یونٹ اسٹرائیک قیمت 10.01 روپے رہی جو ابتدائی فلور پرائس 10 روپے سے معمولی زیادہ تھی۔

اس سے قبل برکت فریسیئن ایگرو اور زاریہ لمیٹڈ بھی رواں سال اپنے آئی پی او کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کر چکے ہیں۔