بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مالی سال 2025 اور 2026 کے لیے بھارت کی اقتصادی شرح نمو کا تخمینہ بڑھا کر 6.6 فیصد کر دیا ہے، اگرچہ امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کی تازہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق بھارت کی مضبوط گھریلو کھپت اور پہلی سہ ماہی کی بہتر کارکردگی نے امریکی محصولات کے منفی اثرات کو کم کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے بعد سے امریکی ٹیرف میں اضافے کے باوجود بھارت کی معاشی رفتار برقرار ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل تا جون 2025 کے دوران بھارت کی جی ڈی پی 7.8 فیصد کی غیر معمولی رفتار سے بڑھی، جس سے ملک دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ابھرا ہے۔

تاہم آئی ایم ایف نے اگلے مالی سال (2026/27) کے لیے شرح نمو کا اندازہ معمولی کمی کے ساتھ 6.2 فیصد کر دیا ہے۔

عالمی بینک بھی گزشتہ ہفتے بھارت کی شرح نمو کا تخمینہ 6.5 فیصد تک بڑھا چکا ہے۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ امریکی تجارتی پالیسیاں اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال عالمی معیشت خصوصاً برآمدات پر مبنی ممالک کی سرمایہ کاری پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔