چین نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے شمالی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے نے اپنی رپورٹ میں بتائی۔
کے سی این اے کے مطابق یہ بات چینی صدر شی جن پنگ نے جمعرات کو شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کو بھیجے گئے ایک خط میں کہی۔ یہ خط چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سالگرہ کے موقع پر کِم کے مبارکبادی پیغام کے جواب میں ارسال کیا گیا تھا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا اچھے پڑوسی اور اچھے دوست ہیں، جو مشترکہ تقدیر کے حامل ہیں، ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور ان کی دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
صدر شی کے بقول دونوں رہنماؤں نے ستمبر میں کِم جونگ اُن کے دورہ چین کے دوران ہونے والی ملاقات میں تعلقات کی ترقی کے لیے ایک جامع خاکہ یا بلیو پرنٹ تیار کیا۔
کے سی این اے کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز انڈونیشیا اور شمالی کوریا کے وزرائے خارجہ نے پیانگ یانگ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک نے باہمی تعاون سے متعلق ایک یادداشتِ مفاہمت پر بھی دستخط کیے، تاہم تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
کے سی این اے کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اُن غیر ملکی مہمانوں میں شامل ہیں جو شمالی کوریا کی حکمران جماعت کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے پیانگ یانگ میں موجود ہیں۔