لیبیا میں مشترکہ تلاش، او جی ڈی سی ایل کا ترک پیٹرولیم کے ساتھ کنسورشیم بنانے پر مذاکرات
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) جو پاکستان کی سب سے بڑی تلاش اور پیداوار (ای اینڈ پی) کمپنی ہے، دیگر سرکاری اداروں اور ترکیہ کی پیٹرولیم کارپوریشن (ٹی پی اے او) کے ساتھ لیبیا کے بڈ راؤنڈ 25 میں مشترکہ حصہ داری کے لیے کنسورشیم بنانے پر مذاکرات کر رہی ہے۔
اپنی سالانہ رپورٹ میں، جو پیر کو جاری کی گئی، کمپنی نے کہا کہ وہ بین الاقوامی موجودگی کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
مارچ 2025 میں لیبیا نے بڈ راؤنڈ 25 کا آغاز کیا تھا جس میں کل 22 ایکسپلوریشن بلاکس پیش کیے گئے، جن میں 11 آن شور اور 11 آف شور علاقے شامل ہیں۔ لیبیا میں غیر دریافت شدہ ہائیڈروکاربن وسائل تقریباً 91 ارب بیرل آئل ایکویویلنٹ (Bboe) کے تخمینہ کے مطابق موجود ہیں۔
اگست میں او جی ڈی سی ایل کو اہل سرمایہ کار کے طور پر تصدیق شدہ قرار دیا اور کمپنی بولی کے عمل میں فعال شمولیت کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل طور پر منتخب شدہ بلاکس کی نشاندہی ہوچکی ہے اور ڈیٹا حاصل کرنے اور تجزیہ کرنے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
موقع کا جامع جائزہ لینے کے لیے کراس فنکشنل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں تکنیکی، تجارتی اور اسٹریٹجک ماہرین شامل ہیں۔
مزید برآں، ممکنہ کنسورشیم کے قیام کے لیے دیگر سرکاری اداروں اور ترکیہ کی پیٹرولیم کارپوریشن کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
ترک پیٹرولیم کارپوریشن ترکیہ کی قومی آئل کمپنی ہے جو 1954 میں ہائیڈروکاربن کی تلاش، ڈرلنگ، پیداوار اور تقسیم کے لیے قائم کی گئی تھی۔
او جی ڈی سی ایل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کمپنی موجودہ مالی سال میں اپنی بنیادی تلاش اور پیداوار کے کاروبار کو مستحکم کرنے کے ساتھ معدنیات اور قابل تجدید توانائی میں تنوع کو بھی تیز کرے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ترجیحات میں پیداوار کے بڑھتے ہوئے رحجان کو برقرار رکھنے کے لیے تلاش کو تیز کرنا، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنا اور نئی ٹائٹ و شیل گیس پالیسی فریم ورک کے تحت غیر روایتی گیس وسائل سے منافع حاصل کرنا شامل ہے۔