مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سسٹمز لمیٹڈ کو برٹش امریکن ٹوبیکو انٹرنیشنل ہولڈنگز (یوکے) لمیٹڈ سے ایس اے اے سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول کی اجازت دے دی ہے۔ یہ منظوری کمیشن نے جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میں دی۔
یہ معاہدہ شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے تحت طے پایا، جس کا جائزہ سی سی پی کے مرجر ریویو فریم ورک کے فیز ون میں مسابقتی ایکٹ 2010 کے مطابق کیا گیا۔
ایس اے اے سروسز برٹش امریکن ٹوبیکو گروپ کے اندر ایک کیپٹو سروس پرووائیڈر کے طور پر کام کرتی ہے۔ یہ کمپنی صرف گروپ کی ذیلی کمپنیوں کو ہی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات فراہم کرتی ہے، جن میں ایچ آر، فنانس، پروکیورمنٹ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ یہ ادارہ پاکستان یا بیرون ملک کسی بھی بیرونی صارف کو خدمات فراہم نہیں کرتا۔
سی سی پی کے مطابق پاکستان کے مقامی بی پی او (بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ) مارکیٹ میں سسٹمز لمیٹڈ اور ایس اے اے سروسز کے درمیان کوئی براہِ راست اوورلیپ نہیں پایا جاتا۔ اگرچہ دونوں کمپنیاں آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کے شعبے میں سرگرم ہیں، تاہم ان کے صارفین کے دائرے مختلف ہیں، اس لیے اس ٹرانزیکشن سے مارکیٹ میں مسابقتی خدشات پیدا نہیں ہوں گے۔
ریگولیٹر نے کہا کہ اس حصول سے اسٹریٹجک اور معاشی فوائد متوقع ہیں۔ سسٹمز لمیٹڈ کو اس ڈیل کے ذریعے عالمی سطح پر موجود مہارت اور وسائل سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
یہ اقدام قومی مقاصد بالخصوص روزگار کے مواقع میں اضافہ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
چنانچہ سی سی پی نے اس ڈیل کو مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 31(1)(ڈی)(آئی) کے تحت باضابطہ منظوری دے دی اور قرار دیا کہ اس سے کسی غالب مارکیٹ پوزیشن کے پیدا ہونے یا مضبوط ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔