ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے مالی سال 2025 کے اختتام پر (30 جون 2025 تک) اپنے کنسولیڈیٹڈ مالیاتی نتائج جاری کرتے ہوئے 4.75 ارب روپے کا منافع ظاہر کیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3 فیصد معمولی اضافہ ہے، حالانکہ کمپنی کی آمدن کم رہی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو پیر کے روز جمع کرائے گئے نتائج کے مطابق کمپنی کی ایرنگز پر شیئر (ای پی ایس) مالی سال 2025 میں 12.01 روپے رہی جبکہ گزشتہ سال یہ 11.70 روپے تھی۔
کمپنی نے فی حصص 4.5 روپے یعنی 45 فیصد حتمی کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا۔ یہ اس ڈیویڈنڈ کے علاوہ ہے جو پہلے ہی عبوری طور پر 2.5 روپے فی حصص یعنی 25 فیصد ادا کیا جا چکا ہے۔
جائزہ شدہ مدت کے دوران کمپنی کی آمدن میں 20 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ مالی سال 2025 میں 104.4 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سال 129.7 ارب روپے تھی۔
تاہم، آمدن میں کمی کے باوجود کمپنی کا مجموعی منافع بڑھ کر 11.01 ارب روپے تک جا پہنچا، جو مالی سال 2024 میں 9.67 ارب روپے تھا، یعنی 14 فیصد اضافہ۔ اس کی بنیادی وجہ کمپنی کی فروخت کی لاگت میں 22 فیصد کمی ہے۔
ایئرلنک کے آپریٹنگ اور ایڈمنسٹریٹو اخراجات بڑھ کر 1.47 ارب روپے تک پہنچ گئے، جو سالانہ 25 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے باوجود کمپنی کا آپریٹنگ منافع 9.54 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے 8.49 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
مالی سال 2025 میں کمپنی کو فنانس کاسٹ کی مد میں 3.94 ارب روپے برداشت کرنے پڑے، جو گزشتہ سال کے 2.97 ارب روپے کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کا ٹیکس سے پہلے منافع 6.21 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال 5.6 ارب روپے تھا۔ انکم ٹیکس چارج 1.46 ارب روپے کے بعد کمپنی کا ٹیکس کے بعد منافع 4.75 ارب روپے پر آکر رکا۔
ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ جنوری 2014 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کی گئی تھی اور اپریل 2019 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا گیا۔
کمپنی موبائل فونز، اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپ ایکسیسریز اور متعلقہ آئی ٹی و کمیونیکیشن مصنوعات و خدمات کی درآمد، برآمد، ڈسٹری بیوشن، ہول سیل اور ریٹیل کے کاروبار میں مصروف ہے۔