دنیا

بھارت میں مواد کی نگرانی: عدالتی جنگ میں ایکس کو بڑا دھچکا

بھارتی عدالت نے ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کردیا،جس میں حکومت کے نئے...
شائع اپ ڈیٹ

بھارتی عدالت نے ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کردیا،جس میں حکومت کے نئے کنٹینٹ ماڈریشن میکنزم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ کمپنی کے لیے بھارت جیسی بڑی مارکیٹ میں ایک دھچکہ تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ مقدمہ رواں سال مارچ میں کرناٹک ہائی کورٹ میں وزیرِاعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف دائر کیا گیا تھا، جس میں انٹرنیٹ پر سخت سنسر شپ کے قانونی جواز کو چیلنج کیا گیا تھا۔

فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس ایم ناگا پرسنا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مواد کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے اور اس کا ریگولیشن ناگزیر ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ کمپنی کی درخواست میں وزن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 2023 سے بھارت نے انٹرنیٹ پر نگرانی سخت کردی ہے، جس کے تحت مزید سرکاری حکام کو ٹیک ڈاؤن آرڈرز جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے اور اکتوبر میں لانچ کی گئی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے براہِ راست ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ہدایات بھیجی جا سکتی ہیں۔