پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جن میں تین افغان شہری اور دو خودکش بمبار بھی شامل تھے۔یہ بات فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کے روز بتائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 20 ستمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شروع کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مبینہ طور پر بھارت کے حمایت یافتہ گروہوں سے وابستہ تھے۔
فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیر کر کارروائی کی اور تمام دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔خضدار میں بھی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرُ عزم ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔