سیمیٹری گروپ، جو پاکستان کا نمایاں سافٹ ویئر ہاؤس ہے نے 30 جون 2025 کو ختم ہونے والی مدت کے لیے بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 16 کروڑ 81 لاکھ 40 ہزار روپے ریکارڈ کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد سے زائد اضافہ ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جمع کرائے گئے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق کمپنی نے 2024 میں بعد از ٹیکس منافع 13 کروڑ 72 لاکھ 60 ہزار روپے حاصل کیا تھا۔
رواں سال فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 0.59 روپے رہی جو گزشتہ سال 0.51 روپے تھی۔
کمپنی نے 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے فی حصص 0.05 روپے یعنی 5 فیصد کا حتمی کیش ڈیوڈنڈ بھی اعلان کیا ہے۔
یہ منافع اس عرصے کے دوران زائد آمدنی اور مجموعی منافع کے باعث سامنے آیا۔
رپورٹ کے مطابق لسٹڈ کمپنی کی آمدن 2025 میں 33 فیصد اضافے کے ساتھ 76 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال 57 کروڑ 80 لاکھ 30 ہزار روپے تھی۔
کمپنی کی سروسز کی لاگت 2025 میں 63 فیصد سے زائد بڑھ کر 35 کروڑ 21 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگئی جو 2023 میں 21 کروڑ 57 لاکھ 80 ہزار روپے تھی۔
سروسز کی لاگت 63 فیصد اضافے کے ساتھ 35 کروڑ 21 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگئی، جس کے نتیجے میں مجموعی منافع 15 فیصد بڑھ کر 41 کروڑ 52 لاکھ 80 ہزار روپے رہا۔ منافع کا مارجن 2025 میں 54.1 فیصد رہا، جو 2024 کے 62.7 فیصد سے کم ہے۔
سال کے دوران آپریٹنگ اخراجات 6 فیصد اضافے کے ساتھ 20 کروڑ 13 لاکھ روپے تک پہنچ گئے جبکہ آپریٹنگ منافع 21 کروڑ 39 لاکھ 60 ہزار روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال 17 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار روپے تھا۔
دوسری جانب، دیگر آمدنی میں کمی واقع ہوئی اور یہ گھٹ کر 1 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار روپے رہی، جو 2024 میں 1 کروڑ 93 لاکھ 60 ہزار روپے تھی۔
مالیاتی اخراجات بھی نمایاں اضافے کے ساتھ 2025 میں 4 کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئے، جو گزشتہ سال 3 کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار روپے تھے۔ اس کے نتیجے میں کمپنی نے 2025 میں قبل از ٹیکس 18 کروڑ 34 لاکھ روپے کا منافع کمایا، جو 2024 میں 15 کروڑ 35 لاکھ روپے تھا۔
یاد رہے کہ سیمیٹری گروپ لمیٹڈ ایک معروف ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ایکسپیرینس کمپنی ہے جو ڈیجیٹل اسٹریٹجی، ٹرانسفارمیشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل کامرس، ڈیٹا سائنس، موبیلیٹی، ریٹیل/ریسرچ اور انٹریکٹو مارکیٹنگ میں مہارت رکھتی ہے اور کاروباری اداروں کے اہم افعال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔