کاروبار اور معیشت

چشمہ شوگر ملز کا اپنی ذیلی کمپنی الٹیمیٹ ہول فوڈز کے ساتھ انضمام مکمل

چشمہ شوگر ملز لمیٹڈ ملک کی سب سے بڑی شوگر ملز میں سے ایک، نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کمپنی کا اپنی مکمل ملکیتی ذیلی...
شائع اپ ڈیٹ

چشمہ شوگر ملز لمیٹڈ ملک کی سب سے بڑی شوگر ملز میں سے ایک، نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کمپنی کا اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی، الٹیمیٹ ہول فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ انضمام مکمل ہوگیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی اپنی نوٹس میں ظاہر کی۔

کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا کہ 10 جون 2025 سے منظوری شدہ انضمام کے منصوبے کے مطابق، منتقل کرنے والی کمپنی کے تمام اثاثے، ذمہ داریاں، حقوق اور فرائض چشمہ شوگر ملز لمیٹڈ میں منتقل ہوگئے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس اسٹریٹجک اقدام سے آپریشنز کو ہموار بنانے، انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے اور طویل مدت میں گروپ کی مالی و عملی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی توقع ہے۔

گذشتہ ماہ ملز نے انضمام کی منظوری دی تھی اور بتایا تھا کہ انضمام کے منصوبے کے ساتھ درخواست منظوری کے لیے ایس ای سی پی کو جمع کرائی گئی تھی جس کے بعد رسمی طور پر انضمام کا عمل شروع ہو گیا تھا۔

چشمہ شوگر ملز لمیٹڈ بنیادی طور پر چینی، دیگر متعلقہ مرکبات، درمیانی اجزاء اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری، پیداوار، پروسیسنگ، کمپاؤنڈنگ اور فروخت کے کاروبار میں سرگرم ہے۔

یہ کمپنی دی پریمیئر شوگر ملز اینڈ ڈسٹلری کمپنی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی بھی ہے۔