ایک بین الاقوامی تعمیراتی کنسورشیم نے بالآخر اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے سامنے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے اربوں روپے کے ٹرانچ-III منصوبے کی الاٹمنٹ میں تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں چین کی نِنگ شیا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن (این ایکس سی سی) کنسورشیم نے این ایچ اے کے بڈنگ عمل میں نااہل قرار دیے گئے حریفوں کی مبینہ پراپیگنڈا مہم کے بعد ایس آئی ایف سی کو خط لکھا ہے۔
این ایکس سی سی کا کنسورشیم، جس میں اس کے مقامی شراکت دار رستم ایسوسی ایٹس اور ڈائنامک کنسٹرکٹرز شامل ہیں، نے ڈی جی ایس آئی ایف سی کو خط میں منصوبے کی حتمی منظوری میں تاخیر پر سنگین تشویش ظاہر کی، حالانکہ اس منصوبے کی منظوری تمام متعلقہ فورمز سے مل چکی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ٹرانچ-III، کیریک منصوبے کا حصہ ہے جس کی مالیت 471.9 ملین ڈالر ہے، جس میں سے 360 ملین ڈالر کا قرض ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور 111.9 ملین ڈالر حکومت پاکستان کی شراکت ہے۔ اس منصوبے کا مقصد 326 کلومیٹر راجن پور-ڈیرہ غازی خان-ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن (N-55) کی اپ گریڈیشن ہے، جس میں ماحولیاتی طور پر محفوظ انفراسٹرکچر اور این ایچ اے کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔
کنسورشیم نے ایس آئی ایف سی سے اپیل کی کہ وہ اے ڈی بی اور حکومت کی منظوری کے مطابق منصوبے کی فوری الاٹمنٹ کو یقینی بنائے اور تجارتی مفادات کے لیے پارلیمانی پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کو روکے۔
خط کے مطابق ٹینڈر جولائی 2024 میں جاری ہوا، اگست 2024 میں بڈز جمع ہوئیں، اور سخت بین الاقوامی پروکیورمنٹ عمل کے بعد ان کی بڈ تمام چار حصوں میں سب سے کم قیمت پر قرار پائی، جس سے پاکستان کو دوسرے نمبر کے بڈرز کے مقابلے میں تقریباً 13.2 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
اے ڈی بی نے اس عمل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپریل 2025 میں اپنی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ اس کے بعد این ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ، سی ڈی ڈبلیو پی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے فروری 2025 میں اس منصوبے کی باضابطہ منظوری اور افتتاح کیا۔
اس کے باوجود، منصوبہ تاحال تاخیر کا شکار ہے، جس کی وجہ ہارنے والے بولی دہندگان کی جانب سے مسلسل اعتراضات ہیں، جو مبینہ طور پر دو سینیٹرز سے جڑے ہوئے ہیں۔
کنسورشیم نے الزام لگایا کہ دوسرے نمبر پر آنے والے بولی دہندگان اپنے سیاسی اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے دوبارہ ٹینڈر کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے منصوبے کی الاٹمنٹ 2027 تک مؤخر ہوسکتی ہے اور نومبر 2027 کی ڈیڈ لائن سے قبل قرض کے استعمال کو خطرہ لاحق ہوگا۔
کنسورشیم نے خبردار کیا کہ مزید تاخیر سے منصوبے کے 25 تا 30 فیصد فنڈز ضائع ہونے، لاگت بڑھنے اور پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول کے بارے میں منفی پیغام جانے کا خدشہ ہے۔ خط میں کہا گیا کہ اگر غیر ملکی شراکت دار یہ دیکھیں کہ شفاف جیتنے، ڈونر کی منظوری اور وزیر اعظم کے افتتاح کے باوجود منصوبہ روکا جا سکتا ہے، تو وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیسے محفوظ سمجھیں گے؟“
کنسورشیم نے آخر میں ایس آئی ایف سی سے اپیل کی کہ منصوبے کو مزید تاخیر کے بغیر ایوارڈ کیا جائے اور سرمایہ کاروں کو یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ پاکستان شفافیت، منصفانہ مقابلے اور ترقیاتی وعدوں کی بروقت تکمیل پر قائم ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025