سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی نئی پلگ-ان ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں (پی ایچ ای وی) ماڈلز، ٹینک-500 اور کینن، 31 مارچ 2026 تک متعارف کرائے گی جو کمپنی کی نیو انرجی وہیکلز (این ای وی) کے شعبے میں توسیع کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
لسٹڈ آٹومیکر نے یہ پیشرفت اپنی سالانہ رپورٹ میں ظاہر کی۔
لسٹڈ آٹومیکر نے یہ پیش رفت اپنی سالانہ رپورٹ میں ظاہر کی۔ کمپنی نے کہا کہ اس نے اپنی پہلی سی کے ڈی [کمپلیٹلی ناکڈ ڈاؤن] پی ایچ ای وی ہیول ایچ 6 1.5ایل 16 اگست 2025 کو کامیابی کے ساتھ متعارف کروادی ہے اور ٹینک-500 اور کینن پی ایچ ای وی ماڈلز کی سی کے ڈی رونمائی 31 مارچ 2026 تک متوقع ہے۔
سازگار نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں بحالی کے حوصلہ افزا آثار نظر آ رہے ہیں اور یہ بتدریج اپنی رفتار دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دوبارہ سر اٹھانا آٹو اسمبل کرنے والی کمپنیوں کو متعدد زمروں میں اپنی مصنوعات کی پیشکش بڑھانے کے مواقع فراہم کررہا ہے جن میں پٹرول، ہائبرڈ، پلگ-ان ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیاں شامل ہیں۔ مثبت رجحان کے مطابق سازگار جدید ٹیکنالوجیز اور جدید فیچرز سے لیس نیو انرجی وہیکلز متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے جو حکومت کے پالیسی فریم ورک کے مطابق ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اس کے تھری وہیلر سیکشن کی ترقی کا رجحان برقرار رہنے اور آنے والے مالی سال میں زیادہ فروخت کی توقع ہے، تاہم ٹریکٹر وہیل سیکشن مارکیٹ میں ٹریکٹرز کی طلب میں کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔
مزید برآں کمپنی کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی آلات کے کاروبار کو یکم ستمبر 2025 سے بند کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ شیئر ہولڈرز کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ وسائل کو بنیادی کاروبار اور زیادہ منافع بخش شعبوں پر مرکوز کیا جاسکے۔
کمپنی نے بتایا کہ مقامی آلات کے شعبے کے خاتمے سے متعلق تمام ریگولیٹری تقاضے اور معاہداتی ذمہ داریاں مکمل کر دی گئی ہیں اور اس عمل سے ملازمین، صارفین یا دیگر اسٹیک ہولڈرز کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوا۔
مزید برآں، کمپنی کے پاس مقامی آلات کے شعبے سے متعلق کوئی اہم اثاثہ جات یا واجبات موجود نہیں ہیں۔