پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے رواں ہفتے کے پہلے سیشن کا اختتام 1,350 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کیا۔ یہ تیزی سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے رجحان اور اگست 2025 کی توقع سے کم مہنگائی کے اعداد و شمار کی بدولت دیکھنے میں آئی ہے۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کے مطابق سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر سیمنٹ کے شعبے میں نمایاں رہی، جہاں ایف سی سی ایل، لکی سیمنٹ، چیراٹ، میپل لیف اور ڈی جی خان سیمنٹ جیسے بڑے اسٹاکس میں خریداری دیکھی گئی۔ یہ رجحان سیمنٹ کی فروخت میں بہتری کی توقعات سے جڑا ہوا ہے۔ رعایتی رجحان کو اگست کی مہنگائی کے اعداد و شمار سے مزید تقویت ملی۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق اگست 2025 میں سالانہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 3 فیصد پر آ گئی، جو جولائی 2025 کی 4.1 فیصد کی شرح سے کم ہے۔

پیر کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,353.34 پوائنٹس یا 0.91 فیصد اضافے کے ساتھ 149,971.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اہم شعبوں بشمول آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز، فارماسیوٹیکلز اور پاور جنریشن میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی دیکھی گئی۔ حبکو، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایچ بی ایل، میزان بینک اور نیشنل بینک مثبت زون میں دکھائی دیے۔

ایک اہم مالی پیش رفت میں وفاقی وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اتوار کو بتایا کہ پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2,600 ارب روپے کا قرضہ قبل از وقت ادا کردیا ہے۔

مشیرِ خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ مالی ذمہ داری کے حوالے سے ایک غیر معمولی اقدام اور تاریخی کارنامے کے طور پر، وزارتِ خزانہ، حکومتِ پاکستان نے صرف 59 دن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو واجب الادا 1.6 کھرب روپے سے زائد کا قرضہ ادا کردیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ دبی دبی رہی، کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت، مختلف شعبوں کی کمزور کارکردگی اور محتاط سرمایہ کارانہ رویے کے باعث بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 875 پوائنٹس یا 0.6 فیصد کی کمی سے 148,618 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر پیر کو نئے ماہ کے آغاز پر ایشیائی حصص مندی کا شکار رہے کیونکہ عدالت کے ایک فیصلے نے امریکی محصولات کی پالیسی میں ایک اور رکاوٹ ڈال دی جبکہ سرمایہ کار ایسے امریکی روزگار کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں جو وہاں شرحِ سود میں کمی کے رجحان کا تعین کرسکتے ہیں۔

امریکہ میں تعطیل کے باعث کاروباری سرگرمیاں محدود رہیں تاہم جمعہ کی مندی کے بعد بھی وال اسٹریٹ اور یورپی فیوچرز معمولی اضافے کے ساتھ ٹریڈ ہو رہے تھے۔

ڈالر اور بانڈز میں معمولی ردوبدل دیکھا گیا کیونکہ اعداد و شمار کے مصروف ہفتے سے قبل مارکیٹ محتاط رہی جس میں مینوفیکچرنگ اور سروسز کے سروے کے ساتھ محنت کشوں کے متعدد اعداد و شمار شامل ہیں جن کا اختتام جمعہ کو اگست کی روزگار رپورٹ پر ہوگا۔

پیر کی صبح ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نیسڈیک فیوچرز 0.3 فیصد بڑھ گئے۔ یورو اسٹاکس 50 فیوچرز میں 0.3 فیصد، ایف ٹی ایس ای فیوچرز میں 0.1 فیصد اور ڈی اے ایکس فیوچرز میں بھی 0.3 فیصد اضافہ ہوا۔

جاپان کا نکئی انڈیکس 0.9 فیصد گر گیا جس پر جمعہ کو امریکی ٹیکنالوجی اسٹاکس میں کمی کے اثرات نمایاں ہوئے جبکہ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی۔

ایم ایس سی آئی کا جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک حصص کا وسیع تر انڈیکس 0.1 فیصد نیچے آگیا حالانکہ گزشتہ ہفتے یہ چینی اسٹاکس کی تیزی کے باعث چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

دریں اثناء پاکستانی روپیہ بھی اپنی مثبت رفتار برقرار رکھتے ہوئے پیر کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.01 فیصد بہتری کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 2 پیسے کے اضافے کے ساتھ 281.75 روپے پر بند ہوا۔ یہ امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کا مسلسل 17ویں روز کی بہتری ہے۔

ادھر آل شیئر انڈیکس پر کاروباری حجم میں کمی دیکھنے میں آئی، جو گزشتہ کاروباری دن کے 1,342.20 ملین سے کم ہو کر 1,183.07 ملین شیئرز رہ گیا۔

اسی طرح حصص کی مجموعی مالیت بھی کم ہو کر 48.85 ارب روپے ہو گئی، جو پچھلے سیشن میں 52.30 ارب روپے تھی۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے بینک آف پنجاب 97.69 ملین شیئرز کے ساتھ سرِفہرست رہا، جس کے بعد کے الیکٹرک لمیٹڈ 85.90 ملین اور پرویز احمد کمپنی 54.52 ملین شیئرز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

نمایاں تیزی دکھانے والے شیئرز میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ-بی کے حصص میں 301 روپے کا اضافہ ہوا، اور یہ 27,300 روپے پر بند ہوئے۔ ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ نے 216.81 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا اور 4,026.63 روپے پر بند ہوا۔ دوسری جانب نمایاں کمی دکھانے والے حصص میں یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کے شیئرز 920.32 روپے کی کمی سے 32,701 روپے پر آ گئے۔ نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے حصص 77.2 روپے کی کمی سے 8,439.18 روپے پر بند ہوئے۔

پیر کے روز کل 480 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 272 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 175 میں کمی اور 33 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی۔