بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے اتوار کو چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں اور اس بات پر اتفاق ہے کہ باہمی تعلقات کو اعتماد اور احترام کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔

مودی، جو سات سال بعد پہلی بار چین کے دورے پر ہیں، نے یہ گفتگو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے علاقائی سلامتی بلاک کے اجلاس کے موقع پر شی کے ساتھ ملاقات کے دوران کی۔

یہ بھارتی رہنما اور چینی صدر کے درمیان دوسری ملاقات تھی، اس سے قبل دونوں کی ملاقات گزشتہ سال روس میں ہوئی تھی۔

ایشیائی حریفوں کے تعلقات میں اس وقت بہتری آئی جب گزشتہ اکتوبر میں دونوں نے ہمالیائی سرحد پر مشترکہ گشت کے معاہدے پر اتفاق کیا، جس کے بعد 2020 میں ہونے والی خونریز جھڑپ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے۔