وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو ریلویز، پبلک ٹرانسپورٹ اور معدنیات جیسے کلیدی شعبوں تک وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شعبے ملک کی معاشی بحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم آفس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کانڈا کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی تفصیل سرکاری اعلامیے میں جاری کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اے ڈی بی کو پاکستان کا ”قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار“ قرار دیا، جس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے قومی ترقی کے مختلف مراحل میں پاکستان کی بھرپور معاونت کی ہے۔
انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے حالیہ اصلاحاتی اقدامات کا ذکر بھی کیا، جن میں ٹیکس نیٹ میں وسعت، توانائی کے شعبے کی تنظیمِ نو، مالیاتی استحکام، سبسڈی کے نظام میں بہتری، سماجی تحفظ کا دائرہ بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات شامل ہیں۔
موقع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کانڈا نے کہا کہ بینک پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پُرعزم ہے اور انہوں نے پاکستان کو اے ڈی بی کا بانی رکن ہونے کے ناطے ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔
انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کو سراہا اور انفرااسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی لچک پیدا کرنے اور اداراتی اصلاحات کے لیے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ توانائی سردار اویس احمد لغاری، وزیرِ ریلوے حنیف عباسی، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔