اسحاق ڈار کا عوام کو توانائی کی قابل استطاعت قیمت پر فراہمی یقینی بنانے پر زور
ڈپٹی وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے توانائی شعبے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کی۔ وزارتِ پیٹرولیم نے پاکستان میں مجموعی توانائی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور شعبے کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اسحاق ڈار نے تیل و گیس کی تلاش میں اضافہ اور پیداوار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ عوام کو توانائی قابل استطاعت قیمت پر فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی توانائی اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے شعبے کی ترقی کے ذریعے اس کی پیداوار اور معیشت میں شراکت کو زیادہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے نجکاری طارق باجوا، سیکرٹری پیٹرولیم، پاکستان کے قطر میں سفیر اور وزارتِ خارجہ و پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے ملک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے بھی ایک اجلاس کی صدارت کی۔
کمیٹی نے موجودہ مارکیٹ میں دستیابی کا جائزہ لیا، اسٹاک کی صورتحال کا تخمینہ لگایا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ رجحانات کا جائزہ لیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے قیمتوں میں استحکام، ضروری اشیا کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے اور ملک بھر میں صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز قومی غذائی تحفظ، تجارت، صنعت و پیداوار ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025