پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) جو ملک کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ عمران احمد کو کمپنی کا نیا ایکس آفیشیو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس کے ذریعے شیئر کی گئی۔
نوٹس کے مطابق عمران احمد جو اس وقت وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) میں ڈائریکٹر جنرل (آئل) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، مومن آغا کی جگہ بورڈ میں شامل ہوں گے۔
پی پی ایل ملک کے توانائی شعبے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور قدرتی گیس کی سب سے بڑی سپلائرز میں شامل ہے۔
کمپنی پاکستان کی مجموعی گیس سپلائی کا 20 فیصد سے زائد فراہم کرتی ہے، جبکہ خام تیل، این جی ایل اور ایل پی جی بھی پیدا کرتی ہے جس سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اس کا کردار مزید نمایاں ہوجاتا ہے۔
حال ہی میں، پی پی ایل نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے ساتھ مل کر ریکوڈک کاپر اور گولڈ پراجیکٹ کے فیز 1 کے لیے فنڈنگ کے وعدوں پر نظرثانی کی۔
اس کے تحت ہر کمپنی کا پرو-ریٹا حصہ بڑھا کر 715 ملین ڈالر کر دیا گیا ہے، جو اصل فنانسنگ اخراجات اور افراطِ زر کے مطابق ایڈجسٹ ہوگا۔