پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ملک بھر میں بڑی رکاوٹ کے بعد متاثرہ موبائل فون ٹاورز کی بحالی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اگرچہ اس تعطل کی اصل وجہ تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم ریگولیٹری ادارے نے تصدیق کی کہ متاثرہ سائٹس میں سے 72 فیصد سے زائد اب فعال ہو چکی ہیں۔ پی ٹی اے، سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کے ساتھ قریبی تعاون میں باقی غیر فعال سائٹس کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

اتھارٹی نے صارفین کو مسلسل کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا اور اس دوران موبائل آپریٹرز کی فوری کارروائی کو سراہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر نے جاری کوششوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز پر قریبی نظر رکھے گی اور باقاعدہ اسٹیٹس رپورٹس جاری کرے گی۔