پاکستان اور امریکہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ اتفاق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان پیر کے روز ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ہوا۔

۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ علاقائی و بین الاقوامی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

گزشتہ ماہ ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات اور قیمتی معدنیات و کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مارکو روبیو کے کردار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے ثالثی کرنے پر سراہا۔

ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ 10 مئی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان انہوں نے کیا، جس سے قبل واشنگٹن نے دونوں فریقین سے مذاکرات کیے تھے۔