کریسنٹ اسٹار انشورنس لمیٹڈ (سی ایس آئی ایل) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنا گارنٹی کاروبار دوبارہ شروع کردیا ہے۔

کمپنی نے یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں دی۔

سی ایس آئی ایل نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کی جانب سے گارنٹی کاروبار بند کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا ہے۔

گزشتہ سال ایس ای سی پی نے انشورنس آرڈیننس 2000 کی شق 60 کے تحت جاری کردہ ہدایت کے ذریعے کمپنی کا گارنٹی کاروبار بند کروا دیا تھا۔

کریسنٹ اسٹار نے 229 ارب روپے کی گارنٹیاں جاری کیں، جبکہ نہ تو مطلوبہ ضمانت حاصل کی گئی تھی اور نہ ہی کوئی مؤثر ری انشورنس انتظام موجود تھا۔

سی ایس آئی ایل کو پاکستان میں 1957 میں کمپنیز ایکٹ 1913 (جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت آتا ہے) کے تحت ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا تھا۔

یہ کمپنی نان لائف جنرل انشورنس خدمات فراہم کرتی ہے۔