دنیا

پاکستان امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے، واشنگٹن اسلام آباد کے وسیع تیل کے ذخائر کی ترقی میں معاونت کریگا

  • کون جانے، شاید ایک دن پاکستان بھارت کو تیل بیچ رہا ہوگا!، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
شائع July 31, 2025 اپ ڈیٹ July 31, 2025 08:34am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے جس کے تحت واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ پاکستان کے تیل کے ذخائر کی ترقی میں تعاون کرے گا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ مکمل کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکہ مل کر اُن کے بڑے پیمانے پر موجود تیل کے ذخائر کو ترقی دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہہم اس وقت اس آئل کمپنی کے انتخاب کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔ کون جانے، شاید ایک دن وہ بھارت کو بھی تیل بیچ رہے ہوں!

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ امریکہ اور پاکستان ایک تجارتی معاہدے کے انتہائی قریب ہیں جو ممکنہ طور پر چند دنوں میں طے پا سکتا ہے۔ یہ بیان انہوں نے جمعہ کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے دورِ حکومت میں واشنگٹن نے کئی ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دوبارہ گفت و شنید کی کوشش کی جنہیں وہ یکطرفہ قرار دیتے ہوئے ان پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دیتے رہے ہیں۔ تاہم، بہت سے ماہرینِ معیشت ٹرمپ کے اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔

امریکی محکمہ خارجہ اور پاکستانی وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے علیحدہ بیانات میں کہا کہ دونوں اعلیٰ سفارت کاروں نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور اہم معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے کہا تھاکہہماری ٹیمیں واشنگٹن میں موجود رہی ہیں، ورچوئل ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں، اور وزیر اعظم نے ایک کمیٹی کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ وہ اب ان معاملات کو حتمی شکل دے۔