وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ، جو پہلے شیل پاکستان لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ زبیر شیخ بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اپنی خدمات بدستور انجام دیتے رہیں گے۔

یہ اطلاع کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس کے ذریعے دی گئی۔

وافی انرجی ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو پاکستان میں قائم ہے اور اس کی اکثریتی ملکیت ابوظہبی، متحدہ عرب امارات میں قائم وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے پاس ہے۔

کمپنی پاکستان میں شیل کی واحد برانڈ لائسنس یافتہ کمپنی ہے۔

رواں سال جنوری میں وافی انرجی نے نئی ملکیت کے تحت اپنی پہلی سالانہ رپورٹ جاری کی، جو کمپنی کی تاریخ میں ایک اہم تبدیلی کا نقطہ ثابت ہوئی۔

یاد رہے کہ یہ منتقلی اکتوبر 2024 میں مکمل ہوئی تھی، جب وافی انرجی نے شیل پیٹرولیم کمپنی سے 77.42 فیصد حصص خریدے۔ اس کے بعد عوامی شیئر ہولڈرز سے مزید 10.36 فیصد حصص حاصل کیے گئے، جس کے نتیجے میں وافی انرجی کی مجموعی ملکیت 87.78 فیصد تک پہنچ گئی۔