پاکستان

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات ،تھنک ٹینک سے خطاب کریں گے

  • دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اورمعاشی تعاون کو فروغ دینے کی طریقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی
شائع اپ ڈیٹ

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی محکمہ خارجہ میں اپنے ہم منصب، سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق دونوں رہنما پاک امریکا تعلقات کے اہم پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اورمعاشی تعاون کو فروغ دینے کی طریقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

نائب وزیرِاعظم امریکی تھنک ٹینک دی اٹلانٹک کونسل سے خطاب بھی کریں گے جہاں وہ علاقائی و عالمی مسائل اور پاک امریکا تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے پاکستا ن کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

اپنے ایک ہفتے کے دورے کے دوران، اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاکستان کی صدارت کے تحت ہونے والی اعلیٰ سطح نمائندہ تقریبات میں شرکت کی جبکہ انہوں نے پائیدار ترقی سے متعلق ہائی لیول پولیٹیکل فورم کی سائیڈ لائنز پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔

ایک روز قبل، بلومبرگ نے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیامی بروس کے حوالے سے خبر دی کہ پاکستانی وفد جلد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے ملاقات کرے گا، تاکہ تجارتی معاہدے پر اتفاق رائے حاصل کیا جا سکے۔

بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان ٹیامی بروس نے کہا کہ وہ پاکستانی وفد اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شرکت کریں گی۔

بلومبرگ کے مطابق اسلام آباد کو توقع ہے کہ وہ 29 فیصد باہمی ٹیرف ہٹانے میں کامیاب ہوگا، جو ابتدائی طور پر ٹرمپ انتظامیہ نے عائد کیے تھے۔ پاکستان نے امریکی سویابین اور کپاس کی درآمدات میں اضافے کی پیشکش کی ہے جب کہ وہ ویلیو کے لحاظ سے چین کے بعد امریکی کپاس کا دوسرا سب سے بڑا خریدار ہے۔ دوسری جانب، امریکہ پاکستان کی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے۔

حالیہ دنوں میں پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے، جس کی ایک مثال صدر ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایک غیر معمولی ملاقات ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے 19 جولائی کو بیان دیا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دورہ امریکہ پاکستان کے تعلقات اور عالمی منظرنامے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار و اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید برآں وزارتِ خزانہ کے مطابق تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی حال ہی میں امریکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے واشنگٹن میں امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹ نک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ملاقات کی تاکہ اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔