پاکستان کی صفِ اول کی سافٹ ویئر کمپنیوں میں شامل سسٹمز لمیٹڈ نے ایک اہم پیشرفت کے تحت اعلان کیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور آئی ٹی سے منسلک خدمات فراہم کرنے والے ایک کاروبار کے ممکنہ حصول کا جائزہ لے رہی ہے۔
یہ اعلان بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کیے گئے ایک باضابطہ نوٹس کے ذریعے کیا گیا جس میں کمپنی نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 23 جولائی 2025 کو منعقدہ اجلاس میں اس تجویز کی منظوری دی۔
نوٹس کے مطابق، یہ مجوزہ حصول تجارتی شرائط کے تعین، مکمل جانچ (ڈیو ڈیلیجنس)، حتمی معاہدوں پر دستخط اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے منظوری سے مشروط ہوگا۔
سسٹمز لمیٹڈ، جس کی بنیاد 1977 میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رکھی گئی، 2005 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی بنی اور 2015 میں پی ایس ایکس میں لسٹ ہوئی۔
کمپنی کی بنیادی سرگرمیاں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ (بی پی او) اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق خدمات فراہم کرنا ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں مضبوط موجودگی کے ساتھ ساتھ، سسٹمز لمیٹڈ امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور مشرق وسطیٰ میں بھی مستحکم کاروباری بنیاد رکھتی ہے۔
مارچ 2025 میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں اپنی سرمایہ کاری کو دگنا کررہی ہے، جہاں اسے متحدہ عرب امارات کے مقابلے میں 3 سے 5 گنا وسیع مارکیٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق، سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع کمپنی کی مہارت سے ہم آہنگ ہیں جس کے پیش نظر وہاں آپریشنز کو وسعت دی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں سسٹمز لمیٹڈ نے بتایا کہ سعودی عرب مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، جس میں 100 ارب ڈالر مالیت کا خصوصی اے آئی فنڈ بھی شامل ہے۔ کمپنی ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔