فرسٹ کیپیٹل ایکویٹیز لمیٹڈ نے کہا ہے کہ وہ اپنے قرض دہندگان اور مالیاتی اداروں کے ساتھ واجب الادا مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے سازگار شرائط پر مذاکرات کے عمل میں ہے۔
یہ بات کمپنی کی جانب سے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ ایک نوٹس میں بتائی گئی۔
کمپنی نے اپنے مستقبل کے کاروباری منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ وہ مختلف اسٹریٹجک آپشنز پر غور کررہی ہے جن میں رئیل اسٹیٹ سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی اداروں کے ساتھ معاملات طے ہوتے ہی کمپنی اپنے نظرثانی شدہ کاروباری منصوبوں پر عملدرآمد شروع کر دے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی پی ایس ایکس کو بروقت آگاہ کرتی رہے گی اور قانونی تقاضوں کے مطابق ضروری انکشافات بھی کرے گی۔
فرسٹ کیپیٹل ایکویٹیز لمیٹڈ 26 جنوری 1995 کو پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کی گئی تھی، کمپنی کی بنیادی سرگرمیاں دکانوں، اپارٹمنٹس، ولاز اور کمرشل عمارتوں کا حصول، تعمیر، ترقی، فروخت، کرایہ پر دینا اور انتظام کرنا ہے۔