نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی صدارت اسلام آباد میں سرمایہ کاری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ابتدائی مرحلے کے لیے چند قابلِ عمل منصوبے تجویز کیے گئے۔ شرکاء نے توانائی، انفرااسٹرکچر اور نجکاری کے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیرِاعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایسے منصوبے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں جو ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم، معاون خصوصی طارق باجوہ، مشیر برائے نجکاری، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی، چیئرمین واپڈا، سیکرٹریز پیٹرولیم و ایس آئی ایف سی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔