وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے دوران چھتیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بارش سے متاثرہ افراد کو خستہ حال عمارتوں سے محفوظ انخلا یقینی بنانے سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف مقامات پر لٹکتےبجلی کے تار فوری طور پر ہٹائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چھتیں گرنے کے مسلسل واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، لٹکتے تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں کے دوران حادثاتی طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025