آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی کے دوران پاکستان آرمی کا ایک افسر شہید جبکہ بھارت کی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصَدقہ خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ میجر سید ربنواز طارق، جو مظفرآباد کے رہائشی تھے، اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید افسر نے بے جگری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

علاقے کو ہر قسم کے ممکنہ خطرات سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔