صدر آصف زرداری کا کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت، عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ
- آزادی کا وہ چراغ جو اُن کی قربانی نے کشمیری قوم کے دلوں میں روشن کیا،آج بھی پوری آب و تاب سے جل رہا ہے، یومِ شہدائے کشمیر پر پیغام
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہمیں 13 جولائی 1931 کو سری نگر جیل کے باہر ظلم و بربریت کے خلاف اور حقِ آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے 22 عظیم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہآج کشمیری عوام کی جانب سے جاری عظیم جدوجہد انہی 22 شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔ ان کے خون سے جلائی گئی آزادی کی شمع آج بھی کشمیری قوم کے دلوں میں روشن ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف ڈٹ کر مزاحمت کی ہے اور آج بھی اپنی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بھارتی مظالم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہبھارت کا غیر قانونی قبضہ کشمیر کو ایک فوجی قیدخانہ بنا چکا ہے، جہاں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، سیاسی اسیران، آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوششیں، اور مسلمانوں کی شناخت مٹانے کی منظم سازشیں جاری ہیں۔
صدر نے مزید کہا کہآج ہم ان عظیم شہداء اور تمام کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے اعادہ کیا کہپاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔