ورلڈ بینک نے تقریباً 207.17 ملین ڈالر مالیت کے ”پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام“ (سستا رہائشی منصوبہ پنجاب) کی عمل درآمد پیش رفت کودرمیانے درجے کی اطمینان بخش قرار دیا ہے۔

یہ منصوبہ مارچ 2022 میں منظور کیا گیا تھا، جس کا مقصد پنجاب حکومت کو رہائشی اداروں اور نظام کو مضبوط بنانے، اور سستی رہائش کی مقدار و معیار کو بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

منصوبے سے متعلق دستاویزات کے مطابق، اس کی ابتدائی لاگت 200 ملین ڈالر تھی جسے اب بڑھا کر 207.17 ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔ عمل درآمد میں بتدریج تیزی آئی ہے اور اب تک 24.54 ملین ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔

منصوبے سے منسلک ڈسبرسمنٹ لنکڈ انڈیکیٹرز(ڈی ایل آئیز) کے سالانہ اہداف میں سے کئی حاصل کیے جا چکے ہیں۔ قابلِ ذکر کامیابیوں میں ہاؤسنگ مارکیٹ انفارمیشن سسٹم، پروجیکٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، اور بینیفشری مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تیاری اور ان کا فعال ہونا شامل ہے۔ اس کے علاوہ، لوکیشن اور انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ کے معیار بھی قائم کر دیے گئے ہیں اور افورڈایبل پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیم کے نظرثانی شدہ قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک فوری ہاؤسنگ اسسمنٹ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ جامع اور تفصیلی ہاؤسنگ اسسمنٹ پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پالیسی کی تیاری کے دوران کی جائے گی۔مقامی مارکیٹ کی صورتحال اور کم آمدنی والے گھرانوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اہلیت کے نئے معیار تیار کیے جا رہے ہیں، جن کی حتمی منظوری اگست 2025 کے آخر تک متوقع ہے۔

اسی طرح، رہائش کے بنیادی ماڈلز کے جدید ڈیزائن اور لاگت کا تخمینہ تیار کیا جا رہا ہے، جسے بھی اگست کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025