پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ کا لوٹے کیمیکل میں مزید 12.5 فیصد حصص کے حصول کیلئے پبلک آفر کا اعلان
پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ لمیٹڈ نے لبرٹی ڈہرکی پاور لمیٹڈ اور ڈیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ کے ساتھ مل کر لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ کے 18 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار عام حصص جو کہ کمپنی کے 12.49 فیصد حصص کے برابر ہیں حاصل کرنے کے لیے پبلک آفر کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیشکش فی حصص 22.37 روپے کی قیمت پر کی گئی ہے۔
لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ نے اس پیشرفت سے متعلق تفصیلات جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ اپنے نوٹس میں ظاہر کیں۔
نوٹس کے مطابق یہ پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ لمیٹڈ کی جانب سے ایک پبلک آفر ہے جس میں لبرٹی ڈہرکی پاور لمیٹڈ اور ڈیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ باہمی اشتراک کے طور پر شامل ہیں تاکہ لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ کے 18,91,73,552 عام حصص جو کمپنی کے جاری کردہ عام حصص کے 12.49 فیصد کے مساوی ہیں، فی حصص 22.37 روپے کی پیشکش پر حاصل کیے جاسکیں۔ یہ پیشکش سیکیورٹیز ایکٹ 2015 اور لسٹڈ کمپنیز ریگولیشنز 2017 کے تحت کی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت اس سے قبل ایشیا پیک انویسٹمنٹس لمیٹڈ اور مونٹیج آئل ڈی ایم سی سی کی جانب سے شیئر پرچیز ایگریمنٹ (ایس پی اے) کے ذریعے لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ میں 75.01 فیصد اکثریتی حصص کے حصول کے بعد سامنے آئی ہے جو بعد ازاں پی ٹی اے گلوبل ہولڈنگ لمیٹڈ کو منتقل کردیے گئے۔
فروری میں ایشیا پیک انویسٹمنٹس لمیٹڈ اور مونٹیج آئل ڈی ایم سی سی نے مشترکہ طور پر لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ کے اسپانسرز کے ساتھ ایک شیئر پرچیز ایگریمنٹ کیا جس کے تحت انہوں نے کمپنی کے 1,135,860,105 عام حصص فی حصص 16.78 روپے کی قیمت پر خریدنے پر اتفاق کیا۔
اس کے بعد مئی میں پاکستان کے مسابقتی کمیشن (سی سی پی ) نے اس خریداری کی منظوری دے دی۔
ایشیا پیک انویسٹمنٹس لمیٹڈ ایک نجی سرمایہ کاری کمپنی ہے جو برٹش ورجن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ ہے اور بنیادی ڈھانچے، توانائی، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرتی ہے جبکہ مونٹیج آئل ڈی ایم سی سی، جو متحدہ عرب امارات میں واقع ہے، عالمی سطح پر تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تجارت میں مصروف ہے۔