پاور ڈویژن نے بدھ کے روز بتایا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (لیسکو) کے اُس سیکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے، جس نے شیخوپورہ میں ایک بزرگ خاتون سے بدسلوکی کی تھی۔

اس واقعے کی ویڈیو منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سامنے آئی، جس میں دیکھا گیا کہ سیکیورٹی گارڈ ایک بزرگ خاتون کو گھسیٹ رہا ہے، جو اپنا بجلی کا بل درست کروانے دفتر آئی تھیں۔

۔

واقعے کے بعد پاور ڈویژن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ کو ملازمت سے برطرف کرنے کے لیے محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا تھا کہقانون کی خلاف ورزی اور عوام کی بےعزتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ڈسکوز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ فوری کارروائی کریں اور تمام دفاتر کو ضروری ہدایات جاری کریں۔

پاور ڈویژن نے بزرگ خاتون سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے صارفین ہمارے لیے نہایت قابلِ احترام ہیں۔