پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اظہر محمود کو پاکستان ٹیم کا قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ اظہر محمود اپنے موجودہ معاہدے کے اختتام تک اس عہدے میں کام کریں گے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق اظہر محمود ایک تجربہ کار کرکٹنگ ذہن کے حامل ہیں جو اس منصب پر شاندار تجرباتی پس منظر کے ساتھ فائز ہورہے ہیں، اظہر محمود کی زیر نگرانی پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد اظہر محمود طویل عرصے سے ٹیم کے اسٹریٹجک کور کا اہم حصہ رہے ہیں۔

بورڈ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اظہر محمود کا کھیل سے گہرا ادراک، بین الاقوامی سطح پر عملی تجربہ اور انگلش کاؤنٹی سرکٹ میں نمایاں کامیابیاں انہیں اس عہدے کے لیے نہایت موزوں اور قابلِ اعتماد انتخاب بناتی ہیں۔

ان کی ریڈ بال کرکٹ میں اہلیت کا ثبوت دو کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز ہیں، جو اُن کی قیادت، حکمت عملی کی مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا واضح اظہار ہیں۔

قبل ازیں سابق آل راؤنڈر اظہر محمود قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے کے ارادے کا اعلان بھی کرچکے تھے۔

انہوں نے رواں ماہ کے اوائل میں ایک انٹرویو میں کہا تھا میں یقینی طور پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دوں گا۔

اظہر محمود کی عبوری تقرری چند ہفتے بعد عمل میں آئی ہے جب بورڈ نے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن کو قومی ٹیم کا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ مائیک ہیسن کے قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے چند ہفتے بعد اظہر محمود عبوری تقرری عمل میں آئی ہے۔

مائیک ہیسن کی بطور ہیڈ کوچ پہلی ذمہ داری رواں ماہ کے اوائل میں بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز تھی جس میں پاکستان نے 0-3 سے فتح حاصل کی۔