پاکستان

شمالی وزیرستان میں خودکش حملہ، پاک فوج کے 13 جوان شہید

آئی ایس پی آر کی طرف سے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے میر علی...
شائع June 29, 2025 اپ ڈیٹ June 29, 2025 10:13am

آئی ایس پی آر کی طرف سے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ایک بزدلانہ حملہ کیا گیا، جسے دہشت گرد ریاست بھارت نے منصوبہ بندی کے تحت ترتیب دیا اور اپنے آلۂ کار فتنه الخوارج کے ذریعے عملی جامہ پہنایا۔

بیان کے مطابق، خودکش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنایا۔ مگر شدت پسندوں کی بوکھلاہٹ کے باعث بارود سے بھری گاڑی کو فورسز کے ایک گاڑی سے ٹکرا دیا گیا۔

اس افسوسناک اور بربریت پر مبنی حملے کے نتیجے میں پاک سرزمین کے 13 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔ اس سانحے میں تین بے گناہ شہری، جن میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، شدید زخمی ہوئے۔

شہداء میں شامل ہیں:صوبیدار زاہد اقبال (عمر 45 سال، ضلع کرک)حوالدار سہراب خان (عمر 39 سال، ضلع نصیرآباد)حوالدار میاں یوسف (عمر 41 سال، ضلع بونیر)نائیک خطاب شاہ (عمر 34 سال، ضلع لوئر دیر)لانس نائیک اسماعیل (عمر 32 سال، ضلع نصیرآباد)سپاہی روحیل (عمر 30 سال، ضلع میرپور خاص)سپاہی محمد رمضان (عمر 33 سال، ضلع ڈیرہ غازی خان)سپاہی نواب (عمر 30 سال، ضلع کوئٹہ)سپاہی زبیر احمد (عمر 24 سال، ضلع نصیرآباد)سپاہی محمد سخی (عمر 31 سال، ضلع ڈیرہ غازی خان)سپاہی ہاشم عباسی (عمر 20 سال، ضلع ایبٹ آباد)سپاہی مدثر اعجاز (عمر 25 سال، ضلع لیہ)سپاہی منظر علی (عمر 23 سال، ضلع مردان)

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران خوارج کے دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آپریشن علاقے میں جاری رہے گا اور اس بزدلانہ و سنگین حملے میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں کہ وطنِ عزیز کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025