فلپ مورس نے اسٹاک ایکسچینج سے رضاکارانہ ڈی لسٹنگ کیلئے 1,300 روپے فی شیئر بائیک بیک قیمت منظور کرلی
فلپ مورس انویسٹمنٹس بی وی، جو فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ (پی ایم پی کے) کا اکثریتی شیئر ہولڈر ہے نے کمپنی کے رضاکارانہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) سے ڈی لسٹنگ کے لیے مقرر کردہ 1,300 روپے فی شیئر بائیک بیک قیمت کو قبول کرلیا ہے۔
فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ (پی ایم پی کے) جو سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی تیاری و فروخت سے وابستہ ہے نے یہ پیشرفت جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ اپنے نوٹس میں ظاہر کی۔
نوٹس کے مطابق فلپ مورس انویسٹمنٹس بی وی، بطور اسپانسر اور فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ (پی ایم پی کے) کے اکثریتی شیئر ہولڈر، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ضابطہ 5.14.7 کے تحت یہ تصدیق کرتے ہیں کہ ہم رضاکارانہ ڈی لسٹنگ کے لیے کمپنی کے عام حصص 1,300 روپے فی شیئر کے حساب سے خریدنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ شیئرز فلپ مورس برانڈز ایس اے آر ایل (دوسرے اسپانسر) کے علاوہ دیگر شیئر ہولڈرز کے پاس موجود ہیں اور اس پیشکش کی منظوری اسٹاک ایکسچینج کی رضاکارانہ ڈیلِسٹنگ کمیٹی نے دی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نوٹس کے مطابق بدھ کو رضاکارانہ ڈیلِسٹنگ کمیٹی نے فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ (پی ایم پی کے) کی رضاکارانہ طور پر فہرست سے ڈی لسٹنگ کی درخواست کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران اسٹاک ایکسچینج کی رضاکارانہ ڈیلِسٹنگ کمیٹی (وی ڈی سی) نے اسپانسرز کے نمائندوں سے تفصیلی مشاورت کی اور تمام متعلقہ پہلوؤں کو قابل اطلاق ضوابط کے تحت مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے اسپانسر کی جانب سے پیش کردہ 664 روپے فی شیئر کی پیشکش کے مقابلے میں 1,300 روپے فی شیئر کی کم از کم بائیک بیک قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔
نوٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ضابطہ 5.14.7 کے تحت، فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ (پی ایم پی کے) کے اسپانسرز پر لازم ہے کہ وہ مقرر کردہ خریداری قیمت کو دس دن کے اندر قبول کرنے کا باضابطہ طور پر اظہار کریں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کا رضاکارانہ طور پر فہرست سے اخراج اسپانسرز کی جانب سے منظوری کے اظہار اور کمپنی کی جانب سے متعلقہ تقاضوں کی تکمیل سے مشروط ہے۔
قبل ازیں مارچ میں فلپ مورس انٹرنیشنل (پی ایم آئی) سے منسلک کمپنی پی ایم پی کے نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کمپنی کے تمام حصص خرید کر رضاکارانہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے اپنا اخراج کرے گی۔
فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ کے حتمی شیئر ہولڈر فلپ مورس انٹرنیشنل کی ذیلی کمپنیوں — فلپ مورس انویسٹمنٹس بی وی اور فلپ مورس برانڈز ایس اے آر ایل (پی ایم بی ایس) — کے ذریعے 97.65 فیصد شیئر ہولڈنگ پر ملکیت ہے۔