پاکستان نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ تشدد کے خاتمے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام ہر انسان کی حرمت اور وقار کو برقرار رکھتا ہے۔
تشدد یا ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک کا کوئی بھی عمل انصاف، رحم اور ہمدردی کی ان اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا جو اسلامی تعلیمات کا مرکز ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ان اقدار اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی رہنمائی میں تشدد کے خاتمے اور تمام افراد کے تحفظات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی جانب سے قانونی اصلاحات، ادارہ جاتی تحفظات اور نگرانی کے طریقہ کار کو مضبوط بنایا جارہا ہے۔
متاثرین کو طبی، قانونی اور نفسیاتی سماجی مدد فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لئے قابض طاقتوں کی طرف سے بدترین تشدد اور دیگر ظالمانہ، غیر انسانی و ذلت آمیز سلوک اور سزا کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے اس مطالبہ کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری ان قابض طاقتوں کے جرائم کی مذمت اور ان کا احتساب کرے، اس کے علاوہ ان کے تشدد اور جبر کے شکار افراد کی حالت زار کو ختم کرنے میں مدد کرے۔