اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ایران کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلائے گی۔

وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق یہ ہنگامی اجلاس پاکستان، چین اور روس کی حمایت سے آج سہ پہر نیو یارک کے وقت کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔

۔

یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ایران میں حالیہ امریکی حملوں کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گہری تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی حملوں نے ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں ہیں اور اسے بین الاقوامی قانون اور آئی اے ای اے کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ امریکی حملے گزشتہ آٹھ روز سے اسرائیل کی بلا اشتعال اور بغیر کسی جواز کے جارحیت کے تسلسل میں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے برادر ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی مضبوط یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لیے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔