بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے بدھ کے روز تصدیق کی ہے کہ ایران کے دو اہم مراکز، ٹیسا(ٹی ای ایس اے) کرج ورکشاپ اور تہران ریسرچ سینٹر، تباہ ہو چکے ہیں۔ یہ دونوں مراکز ایران کے جوہری پروگرام میں استعمال ہونے والے سینٹری فیوج کے پرزے تیار کرتے تھے۔
یہ دونوں عمارتیں تہران کے نواحی علاقے کرج میں واقع تھیں۔
آئی اے ای اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے پاس معلومات ہیں کہ ایران میں دو سینٹری فیوج تیار کرنے والے مراکز ٹی ای ایس اے(ٹیسا) کرج ورکشاپ اور تہران ریسرچ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایجنسی نے ایران کے 2015 کے جوہری معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ دونوں مقامات پہلے ہی جے سی پی او اے کے تحت آئی اے ای اے کی نگرانی اور تصدیق میں شامل تھے۔
ایجنسی نے ایکس پر جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ تہران میں ایک اور حملے میں ایک ایسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جہاں جدید سینٹری فیوج روٹرز تیار کیے اور آزمائے جاتے تھے۔
چند گھنٹے قبل، اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں تہران کے علاقے میں فضائی حملے کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے ترقیاتی پروگرام کو روکنے کی وسیع تر کوشش کے تحت، تہران میں ایک سینٹری فیوج پیداواری مرکز کو نشانہ بنایا گیا ۔
سینٹری فیوج یورینیم کی افزودگی کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں، یہ ایک حساس عمل ہے جس کے ذریعے جوہری ری ایکٹرز کے لیے ایندھن یا، طویل عمل کے بعد، جوہری ہتھیاروں کا بنیادی جزو تیار کیا جا سکتا ہے۔