امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اپنے بھارتی اور پاکستانی ہم منصبوں پر زور دیں گے کہ وہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کریں، کیونکہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں مہلک حملے کے بعد دونوں حریف ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیملی بروس نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم دونوں فریقین سے رابطے میں ہیں اور انہیں، ظاہر ہے، یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ صورت حال کو مزید خراب نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ آج یا کل پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے بات کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کہ وہ دیگر عالمی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ کی بھی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ اس معاملے پر متعلقہ ممالک سے رابطہ کریں۔
مارکو روبیو کی سفارتکاری پر توجہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ فوج کو حملے کا جواب دینے کے لیے ’آپریشنل آزادی‘ حاصل ہوگی۔