اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے یمن سے داغا گیا ایک میزائل روک لیا، جس کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوبی اسرائیل میں ایک فضائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیل فوج کے بیان میں کہا گیا کہ یمن سے داغا گیا میزائل اسرائیلی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔’
ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے نیگیو صحرا میں واقع نیواٹیم ایئربیس پر ایک ”ہائپرسونک میزائل“ فائر کیا ہے۔
حوثی، جو اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ایران کے ”مزاحمتی محور“ کا حصہ ہیں، خود کو غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے محافظ کے طور پر پیش کرتے ہیں جہاں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے۔
وہ باقاعدگی سے اسرائیل اور بحیرہ احمر کی اہم تجارتی گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کرتے رہے ہیں، جس کے جواب میں اسرائیل اور امریکہ نے حوثی اہداف پر کئی حملے کیے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ حملے شدت اختیار کر گئے ہیں اور گزشتہ ایک ماہ سے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق، حوثیوں نے 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے اور دو ماہ کی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے اسرائیل پر 20 سے زائد میزائل داغے ہیں۔