شیاؤمی کا لائیکا کے ساتھ اشتراک، موبائل فوٹوگرافی کے فیچر کے ساتھ ٹی 15 سیریز متعارف
- اے آئی کے انضمام کیلئے چینی کمپنی کا گوگل جیمنی کے ساتھ اشتراک
چینی کمپنی شیاؤمی انٹرنیشنل اور جرمن فرِم لائیکا کیمرا اے جی نے بدھ کے روز جرمنی کے شہر میونخ میں اپنی تازہ ترین شراکت داری کے تحت ٹی 15 سیریز لانچ کر دی۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ لانچ شیاؤمی ٹی سیریز کے ایک جرات مندانہ ارتقا کی نمائندگی کرتی ہے، جو فلیگ شپ فوٹوگرافی اور جدید ٹیکنالوجی سے، جدید دور کے ٹرینڈ سیٹرز کے لیے ڈیزائن ہونے سے لے کر، ایڈوانس موبائل ٹیکنالوجی، بلند معیار کی امیجری اور نفیس ڈیزائن تک کا سفر ہے۔
اپریل 2010 میں قائم ہونے والی شیاؤمی کارپوریشن ایک کنزیومر الیکٹرانکس اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ کمپنی ہے، جس کے مرکز میں اسمارٹ فونز اور اسمارٹ ہارڈویئر شامل ہیں، جو انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) پلیٹ فارم کے ذریعے منسلک ہیں۔
لائیکا کیمرا اے جی ایک جرمن کمپنی ہے جو کیمرے، آپٹیکل لینز، فوٹوگرافک لینز، دوربینیں اور رائفل اسکوپس بناتی ہے۔ یہ کمپنی 1869 میں ارنِسٹ لائٹز نے قائم کی تھی۔
شیاؤمی نے اپنے موبائل فونز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انضمام کے لیے گوگل جیمنی کے ساتھ بھی اشتراک کیا۔

لانچ ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے شیاؤمی انٹرنیشنل کی نائب صدر شو فئی نے کہا کہ شیاؤمی نے حالیہ برسوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیاؤمی نے فورچون گلوبل 500 کمپنیوں میں اپنی پوزیشن 100 درجے اوپر کی ہے اور مسلسل سات سال اس فہرست میں برقرار رہا ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی نے اپنے شیاؤمی ایس یو 7 ماڈل کی لانچنگ کے صرف 15 ماہ میں 300,000 یونٹس فروخت کیے۔
عہدیدار نے اعلان کیا کہ شیاؤمی کی الیکٹرک گاڑیاں (ای ویز) 2027 میں عالمی سطح پر متعارف کرائی جائیں گی۔
کمپنی اپنی ریٹیل موجودگی کو بھی بڑھا رہی ہے، جس کا ہدف 2030 تک 10,000 اسٹورز قائم کرنا ہے۔ شو فئی نے زور دیا انسان، کار، گھر – کہیں زیادہ قریب۔
شیاؤمی ٹی سیریز میں پہلی بار لائیکا فائیو ایکس پرو ٹیلی فوٹو کیمرا متعارف کرایا گیا ہے۔ شیاؤمی 15 ٹی پرو فائیو ایکس آپٹیکل زوم، ٹین ایکس آپٹیکل لیول زوم، اور ٹوئنٹی ایکس الٹرا زوم تک کی سہولت فراہم کرتا ہے، جو کمپنی کے مطابق وسیع مناظر سے لے کر باریک تفصیلات تک مختلف مناظر کے لیے موزوں ہے۔
دونوں ڈیوائسز میں 32ایم پی کا فرنٹ کیمرا سیلفیز اور ویڈیو کالز کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
سینئر انجینئرنگ ڈائریکٹر گوگل جیمنی زاہد صبور، نے ایونٹ میں ٹیکنالوجی کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کو زیادہ مددگار اور قابلِ رسائی ہونا چاہیے۔ انہوں نے جیمنی پرسنل اسسٹنٹ کی خصوصیات اجاگر کیں، جن میں آڈیو، امیج اور ویڈیو پروسیسنگ، اسکرین شیئرنگ، اور زبانوں کا ترجمہ شامل ہے۔
نائب صدر موبائل بزنس یونٹ لائیکا کیمرا اے جی ماریس اشوائلر نے شیاؤمی کے ساتھ شراکت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ فون فوٹوگرافی مقابلہ نہیں ہے؛ یہ ہمارے کاروبار کو بڑھاتی ہے۔ فوٹوگرافی کا فن قابلِ رسائی ہونا چاہیے، معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کمپنیوں نے 26 مصنوعات پر تعاون کیا ہے، جو 100 ممالک میں دستیاب ہیں۔
شیاؤمی انٹرنیشنل کے سینئر پروڈکٹ مارکیٹنگ مینیجر ٹیرنس شیاؤ نے فوٹوگرافی میں کہانی بیان کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا یہ ان لمحوں کے بارے میں ہے جو محفوظ کیے جا سکتے ہیں۔ شیاؤمی 15 ٹی سیریز، پرو ماڈل کی قیمت 799 یورو اور اسٹینڈرڈ ماڈل کی قیمت 649 یورو رکھی گئی ہے، جو زندگی کے خاص لمحات محفوظ کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
ایونٹ میں دیگر شیاؤمی مصنوعات بھی پیش کی گئیں، جن میں اسمارٹ بینڈز، ایل سی ڈیز، اور اسمارٹ ہوم کلینرز شامل تھے۔ شیاؤمی انٹرنیشنل کی سینئر پروڈکٹ مارکیٹنگ مینیجر جینفر ژینگ نے متعدد آلات پیش کیے اور کمپنی کی بڑھتی ہوئی پروڈکٹ لائن اپ کو اجاگر کیا۔
اس سال کے اوائل میں شیاؤمی نے کم از کم 50 ارب یوآن (6.93 بلین ڈالر) چِپ ڈیزائن میں 10 سال کے دوران سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ شیاؤمی کے بانی لی جون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی نے اپنی ایڈوانسڈ موبائل چپ ایکس رِنگ او-ون کی خود تیاری میں 13.5 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس کی چِپ ڈیزائن یونٹ میں 2,500 سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں۔
گوگل جیمنی اور جرمنی کی لائیکا کے ساتھ تعاون کے ذریعے چین کی شیاؤمی اپنی عالمی موجودگی کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی پوزیشن میں ہے۔






















Comments
Comments are closed.